پشاور کے پانچ ماڈل بازاروں میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا تاریخی آپریشن شروع

جمعرات 17 جولائی 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے اندرون شہر پانچ مرکزی ماڈل بازاروں میں تجاوزات کے خلاف ایک منظم، مربوط اور تاریخی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، بازاروں میں پیدل چلنے والوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہر کے قدیم تجارتی مراکز کی اصل حالت بحال کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کی سربراہی میں یہ آپریشن قصہ خوانی بازار، کوچی بازار اور کوہاٹی بازار میں کیا گیا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ)، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (فقیرآباد)، مقامی پولیس، سول ڈیفینس اور کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے پہلے روز قصہ خوانی بازار، کوچی بازار، اور کوہاٹی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں بھاری مشینری کی مدد سے دکانوں کے آگے بنائے گئے چبوترے، لوہے کی رکاوٹیں، اضافی چھتیں اور ناجائز سائن بورڈز مکمل طور پر ہٹا دیے گئے۔

متعدد مقامات پر تجاوزات ختم کر کے فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں کو عوام کے لیے بحال کیا گیا۔ آپریشن میں رکاوٹ بننے اور کار سرکار میں مداخلت پر دو افراد کو موقع سے گرفتار بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے آپریشن کے موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کی خوبصورتی، عوامی سہولت، اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

بازاروں میں تجاوزات نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ کاروباری شفافیت اور عوامی تحفظ کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ تمام تاجر برادری سے اپیل ہے کہ تعاون کرتے ہوئے ازخود تجاوزات ختم کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون شہر کے بازاروں کی اصل شناخت کو بحال کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم وقتی نہیں بلکہ ایک مستقل لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھائی جا رہی ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی جاری رہے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پانچ ماڈل بازاروں میں تجاوزات کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں کردار ادا کریں، اپنی گلیوں، بازاروں، اور راستوں کو صاف اور کھلا رکھنے میں مدد کریں، اور کسی بھی تجاوزات یا رکاوٹ کی اطلاع فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ افسران کو دیں۔ یہ آپریشن مرحلہ وار شہر کے دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا تاکہ پشاور کو ایک صاف، محفوظ اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :