جوہری مذاکرات سے متعلق فیصلے قومی مفادات کی بنیاد پر کریں گے ، ایران

جمعہ 18 جولائی 2025 08:30

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) ایران نے کہاہے کہ جوہری مذاکرات سے متعلق فیصلے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئےکئے جائیں گے ۔ العربیہ کے مطابق ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا آغاز یا ان سے دست برداری کا فیصلہ قومی مفادات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مہاجرانی نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات میں ایرانی میزائلوں کے دائرہ کار کو محدود کرنے کی بات ہو رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جیسا کہ پہلے بھی اعلان کیا جا چکا ہے، ہر اقدام خواہ وہ بات چیت ہو یا مذاکرات کی میز سے کنارہ کشی، قومی مفادات کی روشنی میں پرکھا جائے گا، اور فیصلہ اُن اصولوں کے مطابق کیا جائے گا جن پر ایران اب تک کاربند رہا ہے۔ واضح رہے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ ایران امریکہ سے مذاکرات کا خواہاں ہے، تاہم وہ اس سلسلے میں جلد بازی سے کام نہیں لے رہی۔