سعودی عرب میں ریٹائرڈ پروفیسر کو دکیتی کےد وران قتل کرنے والے مصری شہری کو سزائے موت دے دی گئی

جمعہ 18 جولائی 2025 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سعودی عرب میں ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالملک قاضی کو ڈکیتی کے دوران قتل اور ان کی اہلیہ کو شدید زخمی کرنے والے مصری شہری کو سزائے موت دے دی گئی ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق ڈاکٹر عبدالملک قاضی مشرقی ریجن میں واقع شاہ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم اینڈ منرل میں علوم اسلامیہ کے پروفیسر تھے۔

ڈاکٹر قاضی اپنی منکسر المزاجی اور خوش طبعی کی وجہ سے وسیع حلقہ احباب رکھتے تھے۔ یونیورسٹی سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ تصنیف و تالیف میں مصروف رہتے تھے ۔ریٹائرمنٹ کے بعد 80 سالہ ڈاکٹر قاضی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ظیران شہر میں مقیم ہوگئے جہاں ان کا بیشتر وقت گھر پر ہی گزرتا تھا۔ایک مصری شہری جس سے ان کی پرانی شناسائی تھی وہ ان کے بارے میں مکمل معلومات رکھتا تھا۔

(جاری ہے)

قاتل نے رقم حاصل کرنے کےلئے اپنے ہی محسن کے قتل کا منصوبہ بنایا ۔ قاتل جو کہ ایک سپرمارکیٹ میں ڈلیوری کا کام کرتا تھا اس بات سے باخبر تھا کہ ڈاکٹرقاضی کب اپنے گھر میں اکیلے ہوتے ہیں۔42 دن قبل قاتل ڈاکٹر قاضی کے گھر پہنچا اور بغیر کچھ کہے ان پر تیز دھار آلے سے متعدد وار کردیے جس پر وہ لہو لہان ہو کرگر پڑے اسی دوران ڈاکٹر قاضی کی اہلیہ بھی وہاں پہنچ گئیں ۔ قاتل نے ان پر بھی تیز دھار آلے سے وار کئے اور وہاں سے فرار ہوگیا۔پولیس نے 5جون کو مفرور قاتل کو گرفتار کر لیا جس نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ قتل رقم کے لئے کیا تھا کیونکہ وہ اپنے ملک میں مقروض ہو گیا تھا۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر موت کی سزا کا حکم سنا دیا جس پر وزارت داخلہ نےعمل درآمد کردیا ہے۔