نوشہروفیروز،ناراض شوہر نے بیوی، سسر اور 2بچوں کو زہریلا مشروب پلادیا

زہریلا مشروب پینے سے ملزم کے سسر ہسپتال میں دم توڑ ۔بیوی اور دو بچوں کی حالت تشویشناک

جمعہ 18 جولائی 2025 12:51

نوشہروفیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)صوبہ سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں ناراض شوہر نے اپنی بیوی، سسر اور دو بچوں کو زہریلا مشروب پلا دیا ،جس کے نتیجے میں سسر جاں بحق جبکہ بیوی اور دو بچوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او کنڈیارو اسد نبی کھچی نے بتایا کہ ملزم کی بیوی اپنے شوہر سے ناراض تھی اور طلاق لینے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا ،جس پر ملزم مزید ناراض ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم نے مشروب میں زہر ملا کر یہ مشروب پڑوسی بچے کی مدد سے اپنی ناراض بیوی کے گھر بھجوا دیا، زہریلا مشروب پینے سے ملزم کے سسر ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ بیوی اور دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں کنڈیارو اسپتال سے طبی امداد کے بعد گمبٹ منتقل کیا گیا ہے۔ایس ایچ او کنڈیارو نے بتایا کہ بیوی اپنے شوہر سے ناراض ہو کر اپنے باپ کے گھر رہ رہی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔