فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں نادرا کا ای سہولت کانٹر قائم کیا جائے گا،قیصر شمس گچھا

جمعہ 18 جولائی 2025 13:07

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں نادرا کا ای سہولت کانٹر قائم کیا جائے گا تاکہ چیمبر کے ممبران بائیو میٹرک تصدیق اور مختلف قسم کی ایک ہی جگہ ادائیگی سمیت دیگر آن لائن سہولتوں سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر قیصر شمس گچھا نے نادرا۔

ای سہولت کے متعلقہ افسران سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ای سہولت کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن کی پالیسی کے عین مطابق ہے تاکہ نقد لین دین کی بجائے آن لائن طریقہ کار کے تحت ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ای سہولت سے ابتدائی معاملات طے پاگئے ہیں اور توقع ہے کہ ایف سی سی آئی کمپلیکس کی تزئین و آرائش کے فوری بعد یہاں نادرا۔ای سہولت کانٹر کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سہولت کے ذریعے مختلف قسم کی محفوظ ادائیگیاں اور وصولیاں کی جا سکیں گی۔ جبکہ بعد ازاں لینڈ ریکارڈ،اسلحہ کے لائسنس، پراپرٹی ٹیکس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولت بھی اسی نظام کے تحت مہیا کی جا سکے گی۔