پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد خان کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ

جمعہ 18 جولائی 2025 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد خان نے جمعہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے چیئرپرسن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی سارہ احمد سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران چیئرپرسن سارہ احمد نے سی ای او احمد خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں اداروں کے درمیان بیورو میں مقیم بچوں کو ٹیکنیکل سکلز فراہم کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبے میں بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ہنر مندی اور خود مختاری کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے مختلف ٹیکنیکل کورسز کروائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورسز مکمل کرنے والے بچوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ یہ بچے معاشرے کا بااختیار حصہ بن سکیں۔اس موقع پر سی ای او احمد خان کو بیورو کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا،جہاں انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔