ایک اور بھارتی پرواز میں اڑان بھرنے کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ، ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی

جمعہ 18 جولائی 2025 23:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت اِمپھال جانیوالی انڈیگو ائیرلائن کی پرواز معمولی تکنیکی خرابی کے باعث دہلی واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئی۔ ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں فلائٹ 6E?5118، جو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دہلی سے امپھال کے لیے روانہ ہوئی تھی، پرواز کے دوران ایک تکنیکی خرابی کا شکار ہوئی۔

احتیاطی تدابیر کے تحت پائلٹس نے طیارے کو واپس دہلی لے جانے کا فیصلہ کیا، جہاں وہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔ انڈیگو کے ترجمان کے مطابق ضروری ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے طیارے کا مکمل معائنہ کیا گیا اور کچھ دیر بعد پرواز دوبارہ روانہ ہوئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر افسوس ہے۔

(جاری ہے)

حسبِ روایت ہمارے لیے مسافروں، عملے اور طیارے کی حفاظت اور سلامتی اولین ترجیح ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور تاخیر کے دوران مسافروں کو مکمل معاونت فراہم کی گئی۔ ایئرلائن نے تکنیکی خرابی کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز دہلی سے گوا جانے والی ایک انڈیگو پرواز کو بھی دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کا سامنا ہوا، جس کے بعد طیارے کو ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔