سوات، اخوند بابا میں منشیات فروش کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج

اہل علاقہ کا ملزم کا خاندان بیدخل کرنے کا مطالبہ، ڈی ایس پی کی مداخلت پر کارروائی،خاندان کو علاقے سے نکال دیا

جمعہ 18 جولائی 2025 19:20

ْسوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)سوات کے علاقے اخوند بابا میں منشیات فروش کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مرغزار سیدو شریف روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ منشیات فروش گل محمد عرف دادا اور اس کا پورا خاندان علاقے سے نکالا جائے، کیونکہ وہ نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

احتجاجی شہریوں کا کہنا تھا کہ گل محمد عرف دادا نہ صرف خود منشیات فروخت کرتا ہے بلکہ اس کے بچے بھی اسی مکروہ دھندے میں ملوث ہیں، جبکہ راتوں کو چوری کے واقعات میں بھی ملوث پائے گئے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔

عوامی احتجاج پر ڈی ایس پی حبیب شاہ موقع پر پہنچے اور عوام کی موجودگی میں گل محمد کے گھر کا سازوسامان باہر نکال کر اس کے خاندان کو علاقے سے نکال دیا گیا۔ تاہم گل محمد گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہو سکا۔مظاہرین نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کو منشیات سے پاک کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :