حکومت نے فنانس بل سے متعلق بزنس کمیٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا ہے،صدر ایف پی سی سی آئی

جمعہ 18 جولائی 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومت نے فنانس بل سے متعلق بزنس کمیٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا ہے، امید ہے کہ اس حوالے سے خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو معاون خصوصی ہارون اختر کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی ،رانا احسان افضل،چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سمیت دیگر حکام کے علاوہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ ،کراچی،لاہور،راولپنڈی سمیت مختلف چیمبرز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیکس قانون سازی کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال کیا گیا اور صدر ایف پی سی سی آئی نے ٹیکس بل میں اٹھائے گئے انفورسمنٹ اقدامات کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے خدشات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن اور چیمبرز کی طرف سے کمیٹی کو چارٹر آف ڈیمانڈ سے بھی آگاہ کیا ۔ اجلاس میں ایف بی آر اور ٹیکس ماہرین کی جانب سے شرکاء کو ٹیکس بل میں شامل انفورسمنٹ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمیٹی نے ٹیکس بل پر پائے جانے والے بزنس کمیونٹی کے خدشات کو دور کرنے کیلئے سفارشات کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی۔

اجلاس میں شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔تجویز دی گئی کہ کمیٹی میں ایف بی آر کے دو نمائندے ،ایف پی سی سی آئی، متعلقہ چیمبر اور سیکٹر کا ایک ایک نمائندہ شامل ہو گا۔خصوصی کمیٹی تجاویز حتمی منظوری کیلے وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے بزنس کمیونٹی کے خدشات کو سنجیدگی سے سننے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ عنوان :