ڈاکٹر شاہد منیر کا آر سی ای ٹی گوجرانوالہ کا دورہ،تعلیمی معیار میں بہتری ودیگرامور پر تبادلہ خیال کیا

جمعہ 18 جولائی 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی لاہور کے ذیلی کیمپس رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( آر سی ای ٹی) گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق انہوں نے پرنسپل آر سی ای ٹی ڈاکٹر ہارون فاروق اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیمی معیار میں بہتری، کیمپس کے انفراسٹرکچر میں تبدیلی اور طلبہ کے لیے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے سے متعلق حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد منیر نے مختلف لیبارٹریز اور دیگر سہولیات کا بھی دورہ کیا اور یونیورسٹی میں دستیاب وسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آر سی ای ٹی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور ادارے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید تعلیمی پروگرام، اپ گریڈ شدہ لیبز، اور فیکلٹی کو پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا عزم کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے انجینئرنگ تعلیم میں جدت اور معیار کی بلندی کو یو ای ٹی لاہور کا ویژن قرار دیا اور کہا کہ آر سی ای ٹی کو ایک جدید، متحرک اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل انجینئرز اور محققین عالمی معیار پر پورے اتریں۔