فیلڈ مارشل پاکستان کیلئے ذمہ داریاں نبھاتے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ فوج کے بغیر ممکن نہیں تھا،طلال چوہدری

پاکستان کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے ساتھ سفارت کاری عروج پر ہے، ملک کی کامیاب سفارت کاری کی 80 سال سے مثال نہیں ملتی، گفتگو

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:50

فیلڈ مارشل پاکستان کیلئے ذمہ داریاں نبھاتے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ دفاعی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل پاکستان کے لیے ذمہ داریاں نبھاتے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ فوج کے بغیر ممکن نہیں تھا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے ساتھ سفارت کاری عروج پر ہے، ملک کی کامیاب سفارت کاری کی 80 سال سے مثال نہیں ملتی۔

انہوںنے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر صحافیوں سے بات چیت کی، وزیر داخلہ کے حکم پر ان سے جا کر ملا، ہم نے غیر مشروط معافی مانگی، نیشنل پریس کلب واقعے پر صحافیوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ حکومت، وزارت داخلہ، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات کل کے معاملے پر مذمت اور افسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ صحافیوں کے بغیر نامکمل ہے، ہم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، قومی مفاد کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، نیشنل پریس کلب واقعے میں جو ملوث ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، پریس کلب کی انتطامیہ کے مطابق ہم کارروائی کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ گزشتہ روزایمل ولی نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا جو ناقابل برداشت اور ناقابل معافی ہے، انہوں نے صرف مشہوری کے لیے بیان دیا، ان کی اہلیت سب کو پتا ہے، آسمان پر تھوکنا اور غیر ذمہ دارانہ بیانات ان کی عادت ہے، ہم ایمل ولی کی کارگردگی اور سیاست سے اتفاق نہیں کرتے، ایمل ولی کے بیان کا جواب سینیٹ میں دینا تھا، ایمل ولی خان کو فوری جواب دیا جائے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ ایمل ولی معلوم نہیں کس کو خوش کر رہے ہیں، ان کو پاکستان سے زیادہ افغانستان سے محبت ہے، آپ اس لیے پارٹی سربراہ ہیں کہ آپ کے بڑے سیاست دان تھے ورنہ آپ اس قابل نہیں، اے این پی کی سیاست سے لوگ اتفاق نہیں کرتے، اس لیے آپ کی پارٹی سیٹیں ہار گئی، آپ کے وزیر اعلیٰ سے متعلق کہا جاتا تھا ایزی لوڈ ہیں، آپ کی مدد ہم نے کی تو آپ سینیٹر بن گئے۔