مریم نواز کے کہنے پر باجوہ سے ملنے کی بہت بڑی قیمت چکائی‘ کاش یہ ملاقات نہ ہوئی ہوتی، محمد زبیر

عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دنوں میں سابق گورنر سندھ اسٹیبلشمنٹ اور مسلم لیگ ن کے درمیان روابط میں فعال کردار ادا کررہے تھے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 11:20

مریم نواز کے کہنے پر باجوہ سے ملنے کی بہت بڑی قیمت چکائی‘ کاش یہ ملاقات ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی 2025ء ) سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے کہنے پر باجوہ سے ملنے کی بہت بڑی قیمت چکائی، کاش یہ ملاقات نہ ہوئی ہوتی، کاش مریم نواز کے کہنے پر جنرل باجوہ سے نہ ملتا۔ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری جس ملاقات کا ذکر کیا جاتا ہے اگر مجھ سے پوچھیں تو میں چاہتا ہوں اگر کوئی ایک واقعہ میرے ساتھ سیاست میں نہ ہوتا تو یہ ایک ملاقات تھی کیوں کہ مریم نواز کے کہنے پر باجوہ سے ملنے کی بے کار میں بہت بڑی قیمت چکائی اس لیے کاش یہ ملاقات نہ ہوئی ہوتی۔

 
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دنوں میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر اسٹیبلشمنٹ اور مسلم لیگ ن کے درمیان روابط میں فعال کردار ادا کررہے تھے، محمد زبیر نے گزشتہ سال جون میں مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے اور اگر متنازعہ الیکشن کی بنیاد پرحکومت کی جائے تو یہ صحیح طریقہ نہیں، پارٹی میں مؤقف میں اختلاف شدید تھا اس لیے مفاہمت اور بیچ کی راہ نہیں ہوسکتی، جس کی وجہ سے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ بہت پہلے کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے سیاست کرنی تھی، ووٹ کو عزت دو نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت میں حکومت میں آنا ہے تو پھر کیابات چیت کرسکتے ہیں؟ جب ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ تھے تو سویلین بالادستی کی بات ہوتی تھی لیکن اب اگر ہر قیمت میں پاور میں رہنا ہے تو پھر اس صورتحال ہمارے لیے مسلم لیگ ن کے ساتھ مزید چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔