پاکستان پیرس معاہدے کے تحت کاربن کریڈٹ کلیم کرے گا ، ایک ارب روپے کی آمدن متوقع

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:27

پاکستان پیرس معاہدے کے تحت کاربن کریڈٹ کلیم کرے گا ، ایک ارب روپے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا،لینڈ فل سائٹس جیسے ماحولیاتی چیلنج کو قومی اثاثے میں تبدیل کیا جائے گا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں، ویسٹ ری سائیکلنگ پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین کی اجلاس کو بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لکھوڈیر سائٹ کے کاربن کریڈٹ سے سالانہ ایک ارب روپے ریونیو متوقع ہے ۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پیرس معاہدے کے تحت کاربن کریڈٹ کا کلیم کیا جائے گا،جانوروں کی آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کا منصوبہ بنائیں گے، الائشوں سے ایک ہزار ٹن توانائی پیدا کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے لاہور یا اسلام آباد میں روڈ شو منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی جس میںغیرملکی سفارتکاروں کو روڈ شو میں مدعو کیا جائے گا، بیرون ملک بھی روڈ شوز کر کے سرمایہ کاروں کو متوجہ کریں گے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ منصوبے کے تحت لاہور کے نواح میں ری سائیکلنگ پارک بنایا جائے گا، لکھوڈیر سائٹ میں 20 ٹن بائیوگیس پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، لاہور کے بعد دیگر شہروں میں ویسٹ کو بروئے کار لائیں گے۔

سیکرٹری بلدیات نے وزیراعلی کیلئے جامع پریذینٹیشن بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ کو پوری دنیا میں میں قابل استعمال بنایا جا رہا ہے، ری سائیکلنگ ہی ویسٹ کے ماحولیاتی نقصانات کا حل ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے کہا کہ محکمہ توانائی کے تعاون سے 50 میگاواٹ پاور پلانٹ کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، لاہور میں ہر روز ستھرا پنجاب کے تحت بڑی مقدار ویسٹ جمع ہوتا ہے، کئی کمپنیوں نے ویسٹ کی ری سائیکلنگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔