نیسپاک نے پاکستان میں شہری درختوں کی پہلی بڑے پیمانے پر جیو ٹیگنگ مکمل کر لی،ترجمان

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان کی پریمیئر انجینئرنگ کنسلٹنسی نیسپاک نے لاہور کینال کے 22.5کلو میٹر رقبے پر درختوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کر کے ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے، جو ملک میں اب تک کی گئی شہری گرین کور کی پہلی بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل میپنگ ہے۔ ترجمان نیسپاک نے بتایا کہ اس جیو ٹیگنگ میں جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے ہر درخت کی درست شناخت شامل ہے جس میں کوآرڈینیٹس اور درخت کے مخصوص میٹا ڈیٹا کو مرکزی3 ڈیٹا بیس میں ضم کیا گیا ہے، یہ منظم ڈیٹاسیٹ نہ صرف مقامی تجزیہ کو قابل عمل بناتا ہے بلکہ حالات کی نگرانی میں معاونت کرتا ہے اور شہریوں و جنگلات سمیت ماحولیاتی منصوبہ سازوں کے لئے فیصلہ سازی میں کلیدی کردار ادا کرتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کینال گرین بیلٹ لاہور کی بنیادی ماحولیاتی راہداریوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ فضائی آلودگی کو کم کرنا، مائیکرو کلائمیٹ کو منظم رکھنا اور شہری حیاتیاتی تنوع کو بڑھانا اس منصوبے کے بنیادی مقاصد ہیں، نیسپاک کی شمولیت اس کوریڈور کو ایک مضبوط ڈیجیٹل انوینٹری سے لیس کرتی ہے جس سے ماحولیاتی نظام کی سالمیت میں خلل ڈالے بغیر ڈیٹا کی مدد سے چلنے والے انتظام میں سہولت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ درختوں کو ڈیجیٹلائز کرنے، جغرافیائی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے شجرکاری کی منصوبہ بندی کرنے اور تجاوزات ہٹانے کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت شہری سبز اثاثوں کو محفوظ بناتی ہے۔