اختیار ولی خان کی سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ رکھنے پر تنقید

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ رکھنے پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے جمشید دستی کے ڈگریوں کے حصول کےسالوں کے مشکوک سلسلے پر سوالات اٹھائے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے جمشید دستی کی تعلیمی کامیابیوں کی ٹائم لائن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایم اے پھر بی اے، پھر ایف اے اور پھر میٹرک کہاں سے اور کیسے کیا؟ مزید یہ کہ آپ کو اس قسم کا الٹا تعلیمی نظام کیسے ملتا ہے؟واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں این اے 175 مظفر گڑھ ون سے منتخب ہونے والے جمشید دستی کو حال ہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے جعلی ڈگری کی بنا پر برطرف کر دیا تھا۔