"پلاسٹک فری حیدرآباد" منصوبے کے تحت آگاہی سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:39

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) حیدرآباد کو پلاسٹک آلودگی سے پاک کرنے کے لیے نجی ہوٹل میں "پلاسٹک فری حیدرآباد" منصوبے کے تحت آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ سیمینار کا مقصد شہریوں میں اس منصوبے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا جس کے تحت پلاسٹک بیگز کو ری سائیکل کر کے سیوریج کے مین ہول کورز تیار کیے جائیں گے۔

یہ منفرد اور ماحولیاتی لحاظ سے اہم منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پاک التاش، پلیز پروجیکٹ اور دیگر اداروں کی مشترکہ کاوش ہے۔ سیمینار میں میونسپل کمشنر حیدرآباد ظہور احمد لکھن، پاک التاش کے سید ضیاء الدین، شاہد محمود مغل، متین تقی، پلیز پروجیکٹ کی ثمینہ پروین، ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے جاوید اقبال اور دیگر سماجی رہنماؤں، تعلیمی و صحت سے وابستہ افراد، طلبہ و طالبات اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

طلبہ و طالبات نے سیمینار میں پلاسٹک تھیلیوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی پر مبنی دستاویزی فلمیں (ڈاکیومینٹریز) پیش کیں جنہیں حاضرین کی جانب سے سراہا گیا۔ بہترین پریزنٹیشنز دینے والے طلبہ کو شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ 30 جولائی سے عملی طور پر شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد صرف پلاسٹک آلودگی سے چھٹکارا حاصل کرنا نہیں بلکہ ویسٹ مینجمنٹ کے جدید اور پائیدار طریقے متعارف کرانا بھی ہے۔

مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ پلاسٹک سے تیار کیے گئے مین ہول کورز نہ صرف پائیدار ہوں گے بلکہ مہنگے کاسٹ آئرن کورز کا مؤثر متبادل بھی ثابت ہوں گے۔ اختتام پر منتظمین نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہری اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ حیدرآباد کو ایک صاف، سرسبز اور پلاسٹک فری شہر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :