امریکی صدر کی ایران کو پھر سے جوہری پروگرام شروع کرنے پر دوبارہ بمباری کی دھمکی

امریکی حملوں کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات کو دوبارہ سروس میں لانے میں کئی سال لگیں گے؛ ٹرمپ کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 11:50

امریکی صدر کی ایران کو پھر سے جوہری پروگرام شروع کرنے پر دوبارہ بمباری ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اپنا جوہری پروگرام پھر سے شروع کرنے کی کوشش کی تو وہ اس پر دوبارہ بمباری کرے گا۔ دی ٹیلی گراف کے مطابق امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ فردو، نطنز اور اصفہان میں امریکی حملوں کا نشانہ بننے والی جوہری تنصیبات کو دوبارہ سروس میں لانے میں کئی سال لگیں گے، ایران جو بھی نیوکلیئر سائٹس بنانے کی کوشش کر ے گا اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر سے کہنا ہے کہ ایران میں مذکورہ تینوں مقامات پر جوہری تنصیبات کو امریکہ کی جانب سے 30 ہزار پائوند وزنی GBU-57 "بنکر بسٹر" بم گرا کر تباہ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے اب ان تنصیبات کو دوبارہ سروس میں لانے میں برسوں لگیں گے، ایران اگر نئے سرے سے جوہری تنصیبات بنانا چاہتا ہے تو بہتر ہو گا کہ وہ ان مقامات پر دوبارہ تنصیبات بنانے کی بجائے نئے مقامات کا انتخاب کرے تاہم اس صورت میں بھی اسے یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ ان نئی تنصیبات کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد بار ایران کے جوہری پروگرام کو "مکمل طور پر ختم" کر دینے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے لیکن دوسری طرف ٹرمپ کے ان دعوؤں کے باوجود امریکی انٹیلی جنس کے ایک حالیہ جائزے کی لیک رپورٹ میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ امریکی حملے میں تین مقامات میں سے صرف دو میں زیر زمین سائٹ مکمل طور پر تباہ ہوئی تھی۔