ڈیرہ غازی خان، دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ڈولفن اہلکار کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

اتوار 20 جولائی 2025 12:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان میں تھانہ صدر کی حدود میں دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے ڈولفن فورس کے اہلکار رئیس خان کو پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان میں نماز جنازہ کے بعدمکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسر ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی، ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ افسران، رینجرز، سکیورٹی اداروں کے سربراہان، بار ایسوسی ایشن، پریس کلب، وکلا، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسد خاکی پر آر پی او، کمشنر اور ڈی پی او سمیت افسران نے پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کے بعد آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے شہید کے ورثا سے ملاقات کی اور تعزیت کرتے ہوئے شہید کی قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رئیس خان جیسے جانباز ہماری فورس کا فخر ہیں اور شہید کے خاندان کی مکمل کفالت کی جائے گی۔

ڈی پی او سید علی نے بھی شہید رئیس خان کی خدمات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا، جہاں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔