ایکواڈور بلیرڈ کلب میں فائرنگ سے 9 افراد قتل ، 2 زخمی

اتوار 20 جولائی 2025 13:10

کویٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ایکواڈور کےجنوبی سیاحتی شہر جنرل ولمل پلیاس میں ایک بلیرڈ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد قتل اور2زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق ایکواڈور میں منشیات کی سمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ گروہوں کی طرف سے ایسی کارروائیاں عام ہیں اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ایسے واقعات میں 4,051 افراد قتل کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکواڈور کے پراسیکیوٹر کے دفتر کی طرف سے ایکس پرجاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خودکار رائفلوں سے مسلح افراد بلیرڈ کلب میں داخل ہوئے اور وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ کر دی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں کم از کم 9خون آلود لاشیں کئی بلیرڈ ٹیبلز کے گرد فرش پر پڑی دکھائی دے رہی ہیں جبکہ زخمی ہونے والے دو افراد مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مارے جانے والوں میں ایک صوبائی فٹ بال سکول کا کوچ بھی شامل ہے۔