حکومت جنوبی پنجاب میں صاف اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، فواد ہاشم ربانی ( اپڈیٹ خبر)

اتوار 20 جولائی 2025 14:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں صاف اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے،جنوبی پنجاب میں قابل تجدید توانائی کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں سولر انرجی نمائش کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں قدرتی وسائل، خصوصاً سورج کی روشنی کی فراوانی موجود ہے، جس کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے،حکومت ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کو تیزی سے سولر پر منتقل کر رہی ہے تاکہ بجلی کے اخراجات میں کمی اور ماحول دوست توانائی کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اس وقت دو بڑے سولر پاور پلانٹس کام کر رہے ہیں، جن میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور اور سولر پاور پلانٹ لیہ شامل ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی بہتری کے لئے ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ کسانوں کو کم لاگت اور پائیدار توانائی میسر آ سکے۔فواد ہاشم ربانی نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکٹرک گاڑیوں، خصوصاً الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے فروغ کے لئے پالیسی سازی، ٹیکس میں نرمی اور مقامی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں،تاکہ ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں عوامی شعور بیدار کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور نجی شعبے کو شراکت داری کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے نمائش کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش جنوبی پنجاب میں صاف توانائی کے فروغ کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہو گی۔واضح رہے کہ ملتان میں جنوبی پنجاب بھر کی سب سے بڑی سولر تین روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔