حکومت ہر سطح پر امن، ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لیاقت علی خان

اتوار 20 جولائی 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ امن ہمارے معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور ہم سب کو مل کر اسے قائم و دائم رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ اتوار کے روز میدان میں منعقدہ امن پاسون سے خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت علی خان نے میدان کے عوام، بزرگوں، نوجوانوں اور میدان ایکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ میدان کے عوام بدامنی، شدت پسندی اور انتشار کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ہم اپنے بچوں کے روشن مستقبل، اپنے گھروں کے سکون اور اپنے علاقے کی ترقی کے لیے امن چاہتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم سب متحد ہیں۔

(جاری ہے)

خطاب کے دوران انہوں نے میدان کے غیور عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہر مشکل وقت میں صبر، استقامت اور بیداری کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ اتحاد، یہ شعور اور یہ آواز آج ہم سب کو ایک نئے عزم کے ساتھ جوڑتی ہے۔

انہوں نے میدان ایکشن کمیٹی کے تمام مشران، قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن پاسون میں شرکت کر کے یکجہتی اور ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ معاون خصوصی نے حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر سطح پر امن، ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔