شہری قیام امن کی کوششوں میں صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، سردار عبدالرحمان کھیتران

اتوار 20 جولائی 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے کوئٹہ کے علاقے جبل نور میں گاڑی پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی بزدلانہ کوشش ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں میجر انور کاکڑ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں صوبائی وزیرسردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے میجر انور کاکڑ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے شکنجے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں اور امن کے قیام میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، ہم سب مل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔