فلسطینی صدرکی اسرائیل کو غزہ کے مکینوں کو بھوکا مارنے سے روکنے کے لئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل

پیر 21 جولائی 2025 14:28

فلسطینی صدرکی اسرائیل کو  غزہ کے مکینوں کو بھوکا  مارنے  سے روکنے کے ..
رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) فلسطین کے صدر محمود عباس نے بڑی بین الاقوامی مہم کا آغاز کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں اور تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں فلسطینیوں کو ’’جان بوجھ کر بھوک سے مارنے ‘‘ کے اقدامات سے روکنے کے لئے فوری طور پر مداخلت کریں۔یو این اے اور فلسطینی نیوز ایجنسی و فا کے مطابق فلسطینی صدر نے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کو بھیجے گئے خطوط میںواضح کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جاری ناکہ بندی اور فوجی کارروائیاں جنگی جرائم کے مترادف ہیں، جن میں نسل کشی، تباہی اور بھوک کو عام شہریوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کرنا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک نازک اور تکلیف دہ لمحے میں آپ سے رابطہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کے اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور دو ریاستی حل کی امیدوں کو کچل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر دباؤ بڑھا رہا ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے فوری اور دیرپا جنگ بندی، تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں خوراک اور طبی امداد کے فوری داخلے ،علاقے سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی نگرانی کے تحت ایک ایسے سیاسی عمل کی ضرورت جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن اقدام پر مبنی جامع امن کا باعث بنے۔

فلسطینی صدر عباس نے کہا کہ اب سب سے ضروری معاملہ غزہ میں نسل کشی کو روکنا ہے۔ امدادی مراکز کے سامنے لوگوں کو مارا جا رہا ہے۔ بچے، خواتین اور بوڑھے بھوک سے مر رہے ہیں جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں غزہ میں خوراک اور ادویات کے داخلے کی اجازت دینے کے لئے اسرائیل پر فوری عالمی دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی ٹیکس فنڈز میں 2 بلین ڈالر سے زیادہ فنڈز کو روکنے کے باعث فلسطینی اتھارٹی کو درپیش مالی بحران پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی ناکہ بندی فلسطینی اتھارٹی کی اپنے لوگوں کی خدمت کرنے کی صلاحیت کو کمزور کر رہی ہے اور فنڈز فوری جاری کئے جائیں ۔ فلسطینی صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد کو روکنے، مقبوضہ بیت المقدس ،مغربی کنارے کے شہر الخلیل ، طیبہ اور غزہ میں مقدس مقامات کی حفاظت اور مغربی کنارے میں فلسطینی اراضی کے الحاق کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس نسل کشی کو روکنے اور اسرائیلی محاصرہ ختم کرنے کےلئے ابھی اقدامات کرنے چاہییں ۔ صورتحال سنگین ہے اور ہمیں جانیں بچانے اور استحکام کی بحالی کے لئے فوری مدد کی ضرورت ہے۔