پاکستان میں پہلی بار جنرل ہسپتال میں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ایروبک کلاسز کا آغاز

پیر 21 جولائی 2025 17:16

پاکستان میں پہلی بار جنرل ہسپتال میں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ایروبک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)پاکستان میں پہلی بار جنرل ہسپتال میں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ایروبک کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے فیزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت کے مطابق مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا افراد فالج، جنرل سرجری،آرتھوپیڈک سرجری اور میڈیسن کے مریضوں کے لیے ایروبک ایکسرسائز لاہور جنرل ہسپتال کے فزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ نے متعارف کروا دی ہے جبکہ ہفتے میں دو دن عوام کی آگاہی کے لئے ایروبک کلاسز ہوں گی تاکہ شہری ان پر عمل کر کے اپنے گھر میں ہی ایکسر سائز کر کے خوشگوار زندگی گزار سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ فیزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل ہوئی ۔ انہوں نے مخیر شخصیات کا شکریہ اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین ،ہیڈآف فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر حافظ سید اعجاز احمدبرق،ڈاکٹر علینہ جاوید، ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈاکٹر عبدالعزیز، سید مظہر حسین سمیت میڈیکل سٹوڈنٹس کثیر تعداد میں موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر حافظ سید اعجاز احمد برق نے کہا کہ ہفتے میں دو دن مفت ایروبک کلاسز منعقد کی جائیں گی تاکہ مریض اور عام شہری ان مشقوں کو سیکھ کر اپنے گھروں پر بھی سر انجام دے سکیںجبکہ یہ کلاسز نہ صرف علاج بلکہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوں گی۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل تقریب کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپنے آپ کو صحت مند رکھنا انسان کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے جبکہ ڈاکٹر زکا کام تو کسی شخص کے بیمار ہونے کے بعد شروع ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدبیر، روزانہ ورزش، واک، کھانے پینے میں اعتدال اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنا کر انسان خود کو بہت حد تک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے نیز ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور احتیاط سے ٹریفک حادثات سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے کیونکہ حادثات سے سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں ۔ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے سٹاف ممبرز پرزوردیا کہ وہ اپنی تمام توانائیاں لاہورجنرل ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں آنیوالے مریضوں کی ویلفیئر اورمجموعی بہتری کیلئے صرف کریں۔

انہوں نے طبی عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جانفشانی اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض کی بجاآوری کو یقینی بنائیں اور کسی قسم کاکمپرومائزنہ کریں جبکہ مریضوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر حافظ سید اعجاز احمد نے فزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کو بریفنگ دی ۔