بنگلہ دیش میں تربیتی طیارہ کالج پر گرکر تباہ، 19 افراد جاں بحق 100 کے قریب زخمی

ایئر فورس کا طیارہ ایف سیون بے جے آئی پرواز کے فوری بعد بے قابو ہوگیا، حکومت کا حادثے پر یوم سوگ کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 16:37

بنگلہ دیش میں تربیتی طیارہ کالج پر گرکر تباہ، 19 افراد جاں بحق 100 کے قریب ..
ڈھاکہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) بنگلہ دیش میں تربیتی طیارہ کالج پر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بی بی سی اور مقامی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گِرنے سے کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے معاون خصوصی پروفیسر سید الرحمان نے اعداد و شمار کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں زیادہ تر افراد کو جھلسنے کی وجہ سے چوٹیں آئی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ ’ایئر فورس کا طیارہ ایف سیون بے جے آئی نے پیر کی دوپہر 1 بج کر 6 منٹ پر اڑان بھری مگر یہ پرواز فوری بعد بے قابو ہو گیا اور سکول کی عمارت سے جا ٹکرایا‘، ادھر بنگلہ دیش کی حکومت نے اس حادثے کے بعد منگل کو ملک میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ بنگلہ دیشی حکومت کے قانونی مشیر پروفیسر آصف نے حادثے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ تربیتی طیارہ ڈھاکہ میں مائلسٹون سکول اور کالج کیمپس پر گِرا جہاں سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’ان کی آنکھوں کے سامنے جہاز سکول کی عمارت سے جا ٹکرایا اور جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت کیمپس میں طلباء کا امتحان چل رہا تھا، حادثے کے وقت طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے کالج کی عمارت سے جا ٹکرایا، حادثے کے نتیجے مین ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں میں کئی طلبہ کے والدین بھی شامل ہیں۔