Live Updates

" ریسکیو والے لاش چوک پر چھوڑ گئے، گھر تک پہنچانے کی زحمت بھی نہيں کی"

مظفرگڑھ میں بیٹے کو سیلاب سے بچاتے ہوئے باپ خود ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 00:23

" ریسکیو والے لاش چوک پر چھوڑ گئے، گھر تک پہنچانے کی زحمت بھی نہيں کی"
علی پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2025ء) " ریسکیو والے لاش چوک پر چھوڑ گئے، گھر تک پہنچانے کی زحمت بھی نہيں کی" مظفرگڑھ میں بیٹے کو سیلاب سے بچاتے ہوئے باپ خود ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے سیت پور میں جمعہ کے روز افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ سیت پور کے نواحی علاقے مسن کوٹ میں سیلابی میں ریلے سے بیٹے کو بچاتے ہوئے ایک شخص خود ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیاجس کو بچانے کی کوشش میں اس کا والد خود جان کی بازی ہار گیا۔ متوفی اقبال کی لاش پانی سے نکال لی گئی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ریسکیو والے لاش بھی چوک پر چھوڑ گئے، گھر تک پہنچانے کی زحمت بھی نہيں کی۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتیاں الٹنے کے مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

لیاقت پور، جلال پور پیروالا، منچن آباد، علی پور اور اُچ شریف میں دس کے قریب حادثات پیش آئے، جاں بحق افراد میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق آٹھ سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔ ڈی جی ریسکیو سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹررضوان کا کہنا ہےکہ تین لاکھ بیس ہزار لوگوں کو جب نکالیں اورتین دریاؤں میں بیک وقت سیلاب ہوں،تو اس طرح کےحادثات کے نمبر بہت کم ہیں،جتنی بڑی آفت ہے،اس میں چھوٹے موٹے حادثات ہو جاتے ہیں۔

ادھر دریائے ستلج میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، ایمپریس برج کے مقام پر پانی کے بہاﺅ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ دریا کا پانی تو والی، خانو والی، بستی جام والا سمیت دیگر بستوں میں داخل ہو گیا ہے، احمد پور شرقیہ کے علاقے پپلی راجن شاہ اور ملحقہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے دریائے چناب میں بھی ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی میں اضافے سے تحصیل علی پور کے مزید علاقے زیر آب آ گئے ہیں. مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث سیت پورشہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، سیت پور میں ادویات، کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے مقامی انتظامیہ کے مطابق تحصیل علی پور میں بیٹ چنہ، شیخانی، کوٹلہ اگر، مسن کوٹ بھوآ اور شاہ وساوا بھی زیرآب آ گئے ہیں علی پور کے علاقے خیرپور سادات کےبھی کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں اب بھی ہزاروں افراد سیلاب میں پھنسے ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے دریائی پٹی کے 150 کلومیٹر کے علاقے میں 145 موضع جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ایک لاکھ بیس ہزار ایکڑ سے زائد کھڑی فصلیں ڈوب گئیں، متعدد سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا بہاولنگر سے زمینی راستہ منقطع ہے، دریائی بیلٹ میں 34 سکول غیر معینہ مدت کیلئے بند ہیں . متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا، ادویہ اور جانوروں کے لئے چارے کی قلت کا سامنا ہے ادھر ملتان کے موضع گردیز پور میں سیلابی پانی سے لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 25 سالہ محمد جعفر کے نام سے ہوئی ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات