یہ غریب ریاست اس ملک کی اشرافیہ کےمزید ناز و ادا اٹھانےکے قابل نہیں رہی

سپریم کورٹ کا حُکم انصاف ، مساوات اور عام آدمی کے تحفظ کے تقاضوں کے منافی ہے، سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججز اور بیواوں کو 3،3 سیکورٹی اہلکاروں کی فراہمی کے حکم پر خواجہ سعد رفیق کا ردعمل

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 ستمبر 2025 21:01

یہ غریب ریاست اس ملک کی  اشرافیہ کےمزید ناز و ادا اٹھانےکے قابل نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2025ء) سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججز اور بیواوں کو 3،3 سیکورٹی اہلکاروں کی فراہمی کے حکم پر خواجہ سعد رفیق کا ردعمل، کہا یہ غریب ریاست اس ملک کی اشرافیہ کےمزید ناز و ادا اٹھانےکے قابل نہیں رہی، سپریم کورٹ کا حُکم انصاف ، مساوات اور عام آدمی کے تحفظ کے تقاضوں کے منافی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ " اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج صاحبان کو بھاری پنشن و دیگر مراعات کے علاوہ تین پولیس گن ( 8 گھنٹے ڈیوٹی فی کس ) جبکہ ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج صاحبان کو باقی مراعات کے علاوہ ایک فُل ٹائم گن مین کی سیکیور ٹی پہلے ہی حاصل ہے - اگر درج ذیل نوٹیفیکیشن درست ہے تو اس کے نتیجے میں ھماری سمجھ کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج صاحبان کو بیک وقت تین گن مین مہیا کرنے کیلئے( 8 گھنٹے فی کس ڈیوٹی کے حوالہ سے ) 9 پولیس گن مین مہیا کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ جج صاحب کی وفات کی صورت میں انکی بیوہ اہلیہ محترمہ کو بھی بھاری پنشن کے ساتھ اسی سطح کی سیکیورٹی تاحیات حاصل رہے گی۔ بصد معذرت سپریم کورٹ کا یہ حُکم انصاف ، مساوات اور عام آدمی کے تحفظ کے تقاضوں کے منافی ہے۔ سب کو اچھی طرح معلوم ہو جانا چاہئیے کہ سیاستدانوں ، جرنیلوں ، ججوں اور بیوروکریٹس کی لامتناہی خواھشات و مراعات کی تکمیل کا بار گراں اٹھاتے اٹھاتے پاکستانیوں کی کمر خمیدہ ہو چُکی ہے۔ یہ غریب ریاست اس ملک کی اشرافیہ کےمزید ناز وادا اٹھانےکے قابل نہیں رہی ۔ یہ سلسلسہ اب کہیں رُکنا چاھئیے۔"