سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ، نئی قیمت 3 لاکھ 86 روپے سے تجاوز کرگئی

ملک میں آج پھر سونے کی قیمت میں 2 ہزار500 روپے بڑا اضافہ ہوا، ایک ماہ میں سونے کی قیمت میں 27 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 ستمبر 2025 19:51

سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ، نئی قیمت 3 لاکھ 86 روپے سے تجاوز ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 12 ستمبر 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

آج ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 2 ہزار 500 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر3 لاکھ 86 ہزار 500 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 143 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 31 ہزار 361 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے ایک ماہ پہلے 11 اگست کو 24 قیراط سونے کی قیمت 3 لاکھ 58 ہزار 800 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔

جس کے تحت ایک ماہ میں سونے کی قیمت میں 27 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں آج بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 27 ڈالر بڑھ کر فی اونس 3 ہزار 645 ڈالر ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی کی سالانہ مجموعی شرح 5 اعشاریہ 03 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے پیاز 9 روپے 75 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ٹماٹر 21 روپے 47 پیسے، آلو 2 روپے 97 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 93 روپے 14 پیسے مہنگا ہوا، چاول 2 روپے 53 پیسے، انڈے 4 روپے 64 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چینی 2 روپے 65 پیسے، دال مونگ 5 روپے 12 پیسے، دال ماش 5 روپے 70 پیسے، دال چنا 2 روپے 10 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔