یونیورسٹی آف سرگودھا اور نووکیئرانٹرنیشنل ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

پیر 21 جولائی 2025 18:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھااور نووکیئرانٹرنیشنل ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے مابین باہمی تعاون کے معاہدہ طے پا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو طبی تربیت کے عملی مواقع فراہم کرنا اور یونیورسٹی ملازمین کو معیاری صحت کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔ معاہدے کی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس معاہدے پر دستخط ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال اور نووکیئرکے منیجر ایچ آراینڈ ایڈمنسٹریشن محمد طاہر عباسی نے کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے طبی تربیتی انٹرن شپس، عملی طبی تعلیم، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں اور یونیورسٹی ملازمین کو رعایتی نرخوں پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

اس اشتراک سے بزنس ایڈمنسٹریشن، میڈیکل اورالائیڈ ہیلتھ سائنسزکے طلبہ کوایک پیشہ ور ہسپتال کے ماحول میں حقیقی تجربہ حاصل ہو سکے گا، جو ان کے تعلیمی سفر کو عملی بصیرت سے ہم آہنگ کرے گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا یہ معاہدہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہم اپنی تعلیم کو صرف نصابی حدود تک محدود رکھنے کے بجائے طلبہ کو حقیقی دنیا سے جوڑنے کے خواہاں ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ صرف سند یافتہ نہ ہوں بلکہ ہنر مند، تجربہ کار اور عملی میدان کے لیے تیار ہوں۔ اس معاہدے کے ذریعے نہ صرف ہمارے طلبہ کو جدید طبی تربیت کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ہمارے اساتذہ اور ملازمین کو بھی معیاری صحت کی سہولیات مل سکیں گی۔

یہ اشتراک تحقیق، جدت اور سروس کے میدان میں بھی نئے امکانات پیدا کرے گا، جو تعلیمی ادارے اور صنعت کے درمیان دیرپا تعلقات کو فروغ دے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم نہ صرف گریجویٹس پیدا کریں بلکہ باصلاحیت اور خدمت کے جذبے سے سرشار افراد تیار کریں جو ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردارادا کرسکیں۔نووکئیر کے نمائندہ محمد طاہر عباسی نے کہا کہ ہمیں یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے، ہم اس تعاون کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت اور کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :