اپنا گھر اپنی زمین منصوبہ: بہاولپور میں ضلعی سکروٹنی کمیٹی تشکیل، ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے

پیر 21 جولائی 2025 20:36

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) حکومت پنجاب کے منصوبے ”اپنی زمین اپنا گھر“ کے تحت اہل شہریوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب نور الامین مینگل نے صوبہ بھر میں سکروٹنی کمیٹیوں کی تشکیل کردی ہے۔

(جاری ہے)

بہاولپور میں ضلعی سکروٹنی کمیٹی کے لیے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی ڈائریکٹر پھاٹا اور محکمہ بلدیات (لوکل گورنمنٹ) کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ نے اجلاس میں بتایا کہ کمیٹی موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کرے گی اور ہر درخواست گزار کی اہلیت کا فیصلہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کیا جائے۔ اس مقصد کے تحت ڈومیسائل، پراپرٹی اونرشپ، کریکٹر سرٹیفکیٹ، مالی حیثیت اور دیگر لازمی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔