راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور آرٹس کونسل کے اشتراک سے فائن آرٹس کی طالبات کے تھیسس پراجیکٹس کی دلکش نمائش

پیر 21 جولائی 2025 22:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے شعبۂ فائن آرٹس نے آرٹس کونسل کے اشتراک سے اپنی گریجویٹ ہونے والی طالبات کے سالانہ تھیسس پراجیکٹس کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا۔ اس پروقار تقریب کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال نے کیا، جبکہ آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمد شکور نے خصوصی شرکت کی۔

اس سال 36 طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا عملی اظہار کرتے ہوئے منفرد نوعیت کے فن پارے پیش کیے۔ نمائش میں 10 منی ایچر پینٹنگز سمیت 26 تخلیقی شاہکار شامل تھے، جو تجربہ کار اساتذہ کی رہنمائی میں مکمل کیے گئے۔ آرٹ گیلری میں طلبہ، اساتذہ، فنون و ثقافت سے وابستہ شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے طالبات کے کام کو سراہا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال نے کہا کہ فنونِ لطیفہ کسی بھی معاشرے کی تہذیبی شناخت اور فکری ترقی کا مظہر ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آرٹ معاشرتی ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا طاقتور ذریعہ ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اپنی سالانہ نمائش کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے اور طالبات کی تخلیقی قابلیت ہر سال ایک نئی جہت کے ساتھ سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے آرٹس کونسل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اشتراک سے طالبات کو عملی دنیا سے جڑنے اور اپنی صلاحیتوں کو بڑے پیمانے پر منوانے کا موقع ملتا ہے۔

آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمد شکور نے یونیورسٹی کی جانب سے آرٹس کونسل کا انتخاب کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان تخلیق کاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا آرٹس کونسل کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے طالبات کو کامیابی پر مبارکباد دی اور مستقبل میں مزید مشترکہ تقریبات کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔شعبۂ فائن آرٹس کے چیئرپرسن ڈاکٹر روح الامین نے کہا کہ آرٹ انسانی جذبات کا بہترین اظہار ہے، اور طالبات کے فن پارے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری نوجوان نسل نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہے بلکہ وہ معاشرتی رویوں کو خوبصورتی سے اجاگر کرنا بھی جانتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ حاضرین نے اس نمائش کو طالبات کی تخلیقی مہارت، محنت اور وژن کا بہترین عکس قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :