تمام مسالک قابل احترام ہیں، مذہبی منافرت معاشرے کی تباہی کا سبب بنتی ہے ،محمد صداقت خان

کسی مسلک کو دوسرے مسلک کے خلاف ہرزا سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ڈپٹی کمشنر باغ

پیر 21 جولائی 2025 22:45

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان نے کہا ہے کہ تمام مسالک قابل احترام ہیں، مذہبی منافرت معاشرے کی تباہی کا سبب بنتی ہے کسی مسلک کو دوسرے مسلک کے خلاف ہرزا سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، نفرتیں پھیل جانے سے جو آگ لگتی ہے اس سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہتا، اسلام بھائی چارے اور روا داری کا درس دیتا ہے، بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے ذمہ داران اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی مسلک دوسرے مسلک کی دل آزاری نہ کرے اور اگر کوئی نفرت پھیلا کر معاشرے میں انتشار کا باعث بن رہا ہے تو علمائے کرام حقائق کی روشنی میں انتظامیہ کو سفارشات دیں ایسے کسی بھی شخص کو معاف نہیں کریں گے جو معاشرے میں بد امنی کا سبب بن رہا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام مسالک کے علمائے کرام اور ضلعی آفیسران موجود تھے۔ اجلاس میں مذہبی منافرت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے ذمہ داران انتشار پھیلانے والوں کی پوسٹوں اور گفتگو کا جائزہ لیں گے اور مل بیٹھ کر تنازعات کے حل کی کوشش کریں گے جو لوگ مسالک کے درمیان انتشار کی نیت سے سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم کا استعمال کر کے دوسرے مسالک کی دل آزاری کریں گے انکے خلاف سفارشات مرتب کریں گے جس کے مطابق انتظامیہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے باغ کی پر امن فضا کو خراب کرنے کی کسی بھی شخص کو اجازت نہیں دی جا سکتی، تمام لوگ اپنے اپنے عقائد کے مطابق کام کر رہے ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کے دوسرے مسلک کے خلاف میڈیا پر متنازعہ مواد شیئر کرے یا تحریر لکھے، انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی میں جید علمائے کرام موجود ہیں تمام تر حقائق انکے سامنے رکھ دیئے ہیں علمائے کرام مواد کو سامنے رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کریں ہم بلا تفریق کاروائی کریں گے۔