حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو غذائی قلت کا سامنا ہے جس سے ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے ، ڈاکٹر ایاز حسین جمالی

پیر 21 جولائی 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآبادمیں حاملہ خواتین اور بچوں کی پیدائش کے وقت پیش آنے والی مشکلات سے بچنےکے حوالے سےبے نظیر نشوونما پروگرام اور یونیسیف کے تعاون سے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر حاملہ خواتین کو خوراک کی ضروریات اور غذائی طریقہ کار کے حوالے سے آگاہی سیشن بھی دیا گیا۔

سیشن میں حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کی مفید غذا کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور خواتین کو بتایا گیا کہ بہتر اور متوازن غذائیں نہ صرف ماں کی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ اس سے بچے کی زندگی بھی محفوظ رہتی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں مقامی سطح پر حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو غذائی قلت کا سامنا ہے جس سے ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے اور اس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سیشن کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی تھے جبکہ شوکت علی ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر جعفرآباد، مس ثمینہ ڈی ایس او نیشنل پروگرام جعفرآباد، محمد رحیم فوکل پرسن نیشنل پروگرام جعفرآباد، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی اسٹیک ہولڈر خواتین بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے کہا کہ غذائی قلت سے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین متاثر ہوتی ہیں اور اس کا براہ راست اثر پیدا ہونے والے بچے کی صحت پر بھی پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں کئی بچے وقت سے پہلے کم وزن اور کمزور پیدا ہوتے ہیں جو ان کی موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے سیشن کا مقصد خواتین کو صاف ستھرا کھانا پکانے اور اس کی تیاری کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا تاکہ ماں اور بچے کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔ محکمہ صحت اس طرح کے اقدامات کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں شعور بیدار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہیلتھ ورکرز حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین میں غذائی آگاہی کی فراہمی میں موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے کہا کہ حاملہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی گھریلو غذاؤں جیسے دودھ، سبزیوں اور دیسی کھانوں پر توجہ دیں، ضروری نہیں کہ مہنگی پروڈکٹس ہی خریدی جائیں بلکہ مقامی اور دیسی کھانوں کی دستیابی اور ان کی صحیح تیاری ہی بہترین غذا کی نشانی ہے۔

متعلقہ عنوان :