مسلم کانفرنس مہاجرین کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، خواجہ دلاور

منگل 22 جولائی 2025 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)آزاد جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما خواجہ دلاور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر تحریکِ آزادی کے وارث ہیں اور ان سے ووٹ کا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ مسلم کانفرنس کسی ایسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جس کا مقصد مہاجرین کو سیاسی عمل سے باہر کرنا ہو۔

خواجہ دلاور نے کہا کہ مہاجرین نے نہ صرف اپنا گھر، زمین اور معاشی استحکام قربان کیا بلکہ نسلوں کی قربانیاں دے کر تحریکِ آزادی کو زندہ رکھا۔ اب اُن کے بچوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا نہ صرف آئینی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ تحریکِ آزادی کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر مہاجرین کے ووٹ کے حق کو محدود کرنے یا ختم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

‘‘اگر کسی نے ووٹ کا دروازہ بند کرنے کی کوشش کی تو مسلم کانفرنس سڑکوں پر ہوگی، اور ہر فورم پر مزاحمت کی جائے گی۔خواجہ دلاور نے مزید کہا کہ ووٹ نہ صرف ایک سیاسی حق ہے بلکہ یہ تحریکِ آزادی سے وفاداری کا اعتراف بھی ہے۔ مہاجرین کے ووٹ کو چیلنج کرنا ان کی قربانیوں کو جھٹلانے کے مترادف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس مہاجرین کے ساتھ کھڑی ہے اور اُن کے ہر آئینی و قانونی حق کا دفاع کرے گی۔ ریاست جموں و کشمیر کی وحدت، شناخت اور حقِ خودارادیت کی بنیاد پر مہاجرین کا ووٹ ناقابلِ تنسیخ ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔