شہریوں کوریلیف فراہم کرنے کیلئے سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کے تعین کا نظام بہتر بنانے کی ضروت ہے، کمشنر

منگل 22 جولائی 2025 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) کمشنر کراچی سیدحسن نقوی کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنرز نے گراں فروشوں کے خلاف جاری مہم میں اپنے اپنے ضلع کی کارکردگی سے کمشنر کو آگاہ کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید نے تمام اضلاع اور سب ڈویثرن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 13سے 19جولائی کے دوران ایک ہزار514مقامات پرقیمتیں چیک کی گئیں،131گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 11 لاکھ رروپے سے زائدکے جرمانے عائد کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائیاں ضلع جنوبی،شرقی،وسطی ،غربی ،ملیر ،کورنگی اورکیماڑی میں کی گئیں۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہا کہ شہریوں کوریلیف فراہم کرنے کیلئے سبزی اور فروٹس کی قیمتوں کے تعین کا نظام بہتر بنانے کی ضروت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ مناسب قیمتوں کے تعین کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرشرقی ابرار جعفر کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کمیٹی کے تعا ون سے سبزی منڈی میں نیلامی کے نظام کو درست کرنے کیلئے مربوط کوششیں کریں۔

اسسٹنٹ ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی بشیر خان نے اجلاس کو اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کے خلا ف مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دودھ اور چائے کی پتی میں ملاوٹ کی شکایت پر دودھ اور چائے کی پتی کے نمونے جمع کئے جا رہے ہیں ، اب تک ایک سو سے زائد نمونے جمع کئے جا چکے ہیں جن کا لیبارٹری میں تجزیہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی ملاوٹ کے خلاف مہم کی رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر ون کراچی غلام مہدی شاہ ، ایڈیشنل کمشنر ٹو اسداللہ کھوسو ،اسسٹنٹ کمشنرہیڈکوارٹرز رابعہ سید، اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار، اسسٹنٹ کمشنر بیوروآف سپلائی علی حیدر ،ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی بشیر خان اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :