سپیکر قومی اسمبلی کا بابوسر ٹاپ، گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے سے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار

منگل 22 جولائی 2025 22:23

سپیکر قومی اسمبلی کا بابوسر ٹاپ، گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے سے انسانی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابوسر ٹاپ، گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے سے انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئیحادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو انہوں نے سیلابی ریلے سے زخمی ہونے والے سیاحوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور متعلقہ اداروں سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے بابوسر، دیامر، اور گلگت بلتستان میں متاثرہ علاقوں کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اورسانحے میں جاں بحق ہونے والی مشعل فاطمہ اور فرحت اسلام کیلئے دعائے مغفرت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے سکیورٹی و ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائیوں کی تعریف کی اور متاثرین کیلئے خیمے، راشن اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی جلد بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سیلابی ریلے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔