نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے (اوپن ڈیبیٹ ) کی صدارت کریں گے، ترجمان وزارت خارجہ

منگل 22 جولائی 2025 22:24

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی سلامتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے (اوپن ڈیبیٹ ) کی صدارت کریں گے۔ ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مباحثے کا موضوع ’’کثیرالجہتی اور پُرامن طریقے سے تنازعات کے حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کا فروغ‘‘ہے۔

جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کے دو نمایاں اقدامات (Signature Events) میں سے یہ پہلا قدم ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اس موقع پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دیں گے۔ یہ اجلاس کثیرالجہتی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں درج تنازعات کے پُرامن حل کے اصول پر پاکستان کے غیرمتزلزل یقین کی توثیق کرتا ہے۔

(جاری ہے)

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سعودی عرب کے وزیرِ معیشت و منصوبہ بندی، برطانیہ کے وزیر برائے افریقہ، کامن ویلتھ و کثیرالجہتی امور اور تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایک غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔ نائب وزیراعظم اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے منتخب سفیروں اور اعلیٰ حکام کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے میں بھی شرکت کریں گے۔