تھل یونیورسٹی بھکر میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے لیے تین ہفتوں پر مشتمل اعلیٰ تربیتی پروگرام جاری ہے،وائس چانسلر

منگل 22 جولائی 2025 22:31

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) تھل یونیورسٹی بھکر میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے لیے تین ہفتوں پر مشتمل اعلیٰ تربیتی پروگرام جاری ہے ۔ترجمان کے مطابق تھل یونیورسٹی بھکر میں تعلیمی معیار کی بہتری، تدریسی مہارتوں میں اضافے اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے تین ہفتوں پر مشتمل فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام جاری ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار کی سربراہی میں، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔

اس منفرد تربیتی پروگرام میں تھل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شریک ہیں۔ تربیتی سیشنز میں ملک بھر سے نمایاں علمی و ادبی شخصیات اور تعلیمی ماہرین بطور ٹرینر شرکت کر رہے ہیں، جن میں معروف ڈرامہ نگار اور ادیب اصغر ندیم سید، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے ڈاکٹر رقیہ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ڈاکٹر ارشاد حسین، اور ایئر یونیورسٹی سے ڈاکٹر وسیمہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تربیتی پروگرام جدید تدریسی تکنیک، تعلیمی منصوبہ بندی، تحقیق، نصاب سازی، اخلاقی اقدار اور تدریسی نفسیات جیسے اہم موضوعات پر مبنی ہے، جس کا مقصد اساتذہ کو عالمی تعلیمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کی تعلیمی، تحقیقی اور اخلاقی تربیت ہی قوم کی تعلیمی ترقی کی بنیاد ہے۔ ہم تھل یونیورسٹی کو ایک ماڈل تعلیمی ادارہ بنانا چاہتے ہیں جہاں علم، تحقیق اور تربیت ساتھ ساتھ چلیں۔تربیتی پروگرام کے شرکاء نے سیشنز کو معلوماتی، مؤثر اور تحریک دینے والا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز فیکلٹی کو نہ صرف عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرتے ہیں بلکہ تدریسی جذبے میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ترجمان یونیورسٹی کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید قومی سطح کے ماہرین تعلیم اس پروگرام کا حصہ بنیں گے اور تربیت کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :