جمرود میں جدید تعلیم اور ڈیجیٹل تربیت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر شفقت ایاز

منگل 22 جولائی 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے جمرود ضلع خیبر میں’’مرجڈ ایریاز ڈیجیٹل کنیکٹ‘‘ پروگرام کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں علاقے کے سیاسی نمائندوں، قبائلی مشران، نوجوانوں، طلبہ، اور مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ مرجرڈ ایریاز ڈیجیٹل کنیکٹ پروگرام کے تحت یہ تیسرا افتتاح ہے۔

اس سے قبل باجوڑ اور اورکزئی میں بھی پروگرام کا افتتاح کیا جا چکا ہے جہاں باقاعدہ سرگرمیاں جاری ہیں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل تربیت دی جا رہی ہے۔علاقے کے عوام، سیاسی شخصیات اور نوجوانوں نے تقریب میں شرکت کے بعد ڈاکٹر شفقت ایاز اور حکومت خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ان کے اپنے علاقے میں جدید تعلیم اور ڈیجیٹل تربیت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام مرحلہ وار تمام ضم شدہ اضلاع تک پھیلایا جائے گا اور ہر ضلع میں آئی ٹی ہبز، فری لانسنگ کورسز، ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارمز اور جدید سہولیات قائم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام صرف آغاز ہے اور آنے والے وقت میں خیبرپختونخوا کا ہر نوجوان ڈیجیٹل میدان میں بااختیار اور باوقار نظر آئے گا۔