انسداد دہشتگردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے9 مئی کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا، ملزمان کو10،10 سال قیدِ بامشقت کی سزا

منگل 22 جولائی 2025 19:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) انسداد دہشتگردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے 9 مئی 2023ء کے مقدمہ نمبر 72/23 تھانہ موسیٰ خیل میانوالی کا فیصلہ سنا دیا ہے ۔ خصوصی عدالت انسداد دہشتگردی سرگودھا کے جج شیخ نعیم نے مقدمہ میں پی ٹی آئی کے 70 رہنماؤں کو 10، 10 سال کی قیدِ بامشقت کی سزاء سنائی۔

(جاری ہے)

سزا پانے والوں میں پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف احمد خان بھچر، اراکین قومی اسمبلی رانا بلال، احمد چٹھہ و دیگر شامل ہیں جبکہ مقد مہ میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء عمر ایوب خان سمیت 70 سے زائد ملزمان تا حال مفرور ہیں،جنہیں عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہوا ہے۔

مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی سمیت 150 سے زائد نا معلوم ملزمان شامل ہیں ،عدالت میں 50 گواہان کی شہادتیں قلمبند کی گئیں۔ یاد رہے کہ 9 مئی 2023ء کے روز بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد تھانہ میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اشتعال انگیزی کی دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔