قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس، گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق

منگل 22 جولائی 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کااجلاس چیئرمین کمیٹی چوہدری محمود بشیر ورک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کی جانب سے پیش کیا گیا آئین میں ترمیم کا بل 2024 (آرٹیکل 25) اور رکن قومی اسمبلی صوفیہ سعید شاہ کے دی کوڈ آف سول پروسیجر (ترمیمی) بل 2024 (سیکشن 54ـA) دونوں ممبرز کے اجلاس میں موجود نہ ہونے کے باعث آئندہ اجلاس تک ان بلوں پر غور مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ کسی التوا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر ممبران آئندہ بھی غیر حاضر رہے تو ان کے بلز کو ان کی غیر موجودگی میں زیر غور لا کر فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی جانب سے پیش کردہ قانون شہادت (ترمیمی) بل 2025 پر غور کیا۔ تفصیلی بحث کے دوران ممبر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گزشتہ اجلاس میں ہونے والی گفتگو کی روشنی میں بل کو ازسرنو مسودہ کی شکل دی گئی ہے، نئے مسودے کو کمیٹی کے سامنے غور کے لیے پیش کیا گیا۔

ممبران کمیٹی نے رائے دی کہ چونکہ بل میں اہم ترامیم شامل کی گئی ہیں لہٰذا اس پر تفصیلی غور اس وقت ممکن ہے جب ممبران کو مکمل وقت دیا جائے چنانچہ کمیٹی نے بل پر غور آئندہ اجلاس تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی محمد جاوید حنیف خان کی جانب سے پیش کردہ آئین میں ترمیم کا بل 2025 (آرٹیکل 140ـA) پر بھی غور کیا۔ تفصیلی بحث کے دوران کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ گزشتہ ہدایات کے مطابق تمام صوبائی حکومتوں اور پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو خطوط ارسال کئےگئے تھے تاکہ وہ اس معاملے پر اپنی رائے دیں۔

تاہم کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا کہ تاحال کسی پارلیمانی رہنما کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ لہٰذا کمیٹی نے سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ متعلقہ پارلیمانی رہنماؤں کو یاد دہانی کے خطوط فوری طور پر ارسال کئےجائیں تاکہ اس معاملے پر پیش رفت کی جا سکے۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی زہرہ ودود فاطمی، کرن حیدر، سید ابرار علی شاہ، سید نوید قمر، سید حفیظ الدین، حسن صابر، علی محمد خان، عمیر خان نیازی، چنگیز احمد خان، سردار محمد لطیف خان کھوسہ، عالیہ کامران، شازیہ مری، جاوید حنیف خان، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف، وزارت کے افسران اور متعلقہ عملہ نے شرکت کی۔