Live Updates

سٹی ٹریفک پولیس مری کی جانب سےسیاحوں کیلئے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری

منگل 22 جولائی 2025 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) مون سون بارشوں کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس مری نے ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ۔ چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر نے ڈی ایس پی ٹریفک مری غازی سہیل شہزاد اور مری ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک افسران و اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک افسران و اہلکاران ایمانداری سے ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں تاکہ مری آنے والے سیاحوں اور عوام الناس کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ، ڈی ایس پی ٹریفک مری اور دیگر افسران خود فیلڈ میں رہ کر سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں ، سی ٹی او مری وسیم اختر نے ڈی ایس پی ٹریفک مری کو یہ بھی ہدایت کی کہ مری چونکہ ایک پہاڑی علاقہ ہے اور ایس او پی کے مطابق مری میں داخل ہونے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس ، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور بڑی گاڑیوں کے داخلے کے لیے صوبائی گورنمنٹ کی ایس او پی پر سختی سے عمل دارآمد کروایا جائے تاکہ ماضی کی طرح کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ، سی ٹی او مری وسیم اختر کا مزید کہنا تھا ک سیاح مری آنے کے لیے مکمل طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں، گاڑی کے وائپر اور لائٹس مکمل طور پر درست حالت میں رکھیں، سِلپری روڈ اور خطرناک موڑ ہونے کی وجہ سے تیز رفتاری سے گریز کریں ، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ نہ کریں، مری کی تمام سڑکیں دو طرفہ ہیں لہٰذا ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

گاڑی کو روڈ پرکھڑی کرکے تصاویر نہ بنائیں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، دوران بارش رات کو غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مری شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز افسران کی ہدایات پر عمل کریں یہ آپکی زندگی کو محفوظ اور سفر کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مری میں ٹریفک پرابلم پیش آنے کی صورت میں ٹریفک کنٹرول روم نمبر 0519269200 پر رابط کریں ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات