کراچی، گلشن حدید اوراسٹیل ٹائون میں پانی کی بندش پر شہری سراپا احتجاج

بدھ 23 جولائی 2025 16:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)کراچی کے علاقے گلشن حدید اور اسٹیل ٹائون میں کئی روز سے پانی کی عدم دستیابی پر مکینوں کا پیمانہ لبریز ہوگیا،شہری احتجاجاً اسٹیل ٹائون موڑ شاہراہ پر آگئے، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔شہریوں نے احتجاجاً اسٹیل ٹائون موڑ پر نیشنل ہائی وے کو بلاک کردیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہاکہ اسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے علاقے کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے، جب کہ اطراف میں موجود ہائیڈرنٹس پر پانی دستیاب ہے مگر رہائشی نلکوں میں ایک بوند بھی نہیں آ رہی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسٹیل مل انتظامیہ بھاری بل تو وصول کرتی ہے لیکن پانی کی فراہمی یقینی نہیں بناتی۔احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔پولیس کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ پانی کی فراہمی بحال کی جا سکے اور شہریوں کو ریلیف ملے۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے اور مستقبل میں ایسے بحران سے بچنے کے لیے مستقل حل نکالا جائے۔