کاشتکاروں کے لیے خوشخبری، بینظیرہاری کارڈ کی رجسٹریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ

بدھ 23 جولائی 2025 16:06

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)ضلع شہید بینظیرآباد میں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ زراعت اور محکمہ ریونیو کی مشترکہ کوششوں سے زمینوں کے ریکارڈ کی تصدیق کا عمل جاری ہے تاکہ مستحق کسانوں کو جلد از جلد ہاری کارڈ جاری کیے جاسکیں۔

حکام نے کہاکہ کاشتکار اپنی زمینوں کا ریکارڈ متعلقہ ریونیو دفاتر سے تصدیق کروا کر محکمہ زراعت میں جمع کرائیں تاکہ انہیں بروقت ہاری کارڈ کی سہولت مل سکے۔ اب تک ضلع میں 11,835 کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 8 ہزار سے زائد فارم مکمل جانچ پڑتال کے بعد سندھ بینک کو ارسال کیے جا چکے ہیں۔ باقی فارموں پر بھی کارروائی جاری ہے اور جلد ہی انہیں بھی بینک کو بھیج دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایاکہ اس عمل سے کاشتکاروں کو مالی مشکلات سے نجات دلانے اور انہیں بروقت امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جس سے زراعت کے شعبے میں استحکام پیدا ہوگا اور کسان اپنے کھیتوں میں بہتر پیداوار حاصل کر سکیں گے دوسری جانب ہاری ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اکرم خاصخیلی نے کہا ہے کہ بینظیر ہاری کارڈ کا اجرا سندھ کے محنت کش کاشتکاروں کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے، مگر اس عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مقامات سے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ مستحق اور اصل ہاریوں کے بجائے بعض بااثر افراد اپنے نام رجسٹر کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے اصل کسان اس سہولت سے محروم ہو سکتے ہیں۔اکرم خاصخیلی نے محکمہ زراعت اور محکمہ روینیو سے مطالبہ کیا کہ ہاری کارڈ کے اجرا سے قبل زمینوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال سختی سے کی جائے اور یونین کونسل سطح پر کسان تنظیموں اور مقامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر لسٹیں آویزاں کی جائیں تاکہ اصل مستحق ہاری ہی اس کارڈ سے فائدہ اٹھا سکیں انہوں نے سفارش کی کہ کاشتکاروں کو فارم جمع کرانے اور ریکارڈ ویریفائی کرانے کے لیے دیہاتی سطح پر کیمپ قائم کیے جائیں تاکہ چھوٹے کسانوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اکرم خاصخیلی نے مزید کہا کہ اگر حکومت اس اسکیم کو شفافیت کے ساتھ آگے بڑھاتی ہے تو یہ سندھ کے ہزاروں کش ہاریوں کے لیے معاشی تحفظ اور سہولت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :