مصدق ملک کی آذربائیجان میں COP-29 قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں، مختلف امورپر غور

بدھ 23 جولائی 2025 20:17

مصدق ملک کی آذربائیجان میں COP-29 قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں، مختلف امورپر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے شماخی میں منعقدہ ’’کانفرنس آف پارٹیز‘‘COPکے سربراہان کے اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر کے ماحولیاتی اٴْمور کے خصوصی نمائندے اور COP-29 کے صدر، محترم مختار بابایوف، اور نائب وزیر خارجہ و COP-29 کے مرکزی مذاکرات کار،یالچِن رفیعف سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں عالمی ماحولیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص ماحولیاتی مدافعت، تخفیفِ آلودگی، اور پائیدار ترقی کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اور ان کے تدارک کے لیے فوری، مربوط اور منصفانہ عالمی ردعمل ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مصدق ملک نے نشاندہی کی کہ اگرچہ ماحولیاتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک ہوتے ہیں، لیکن عالمی اخراجات میں تاریخی اور موجودہ حصہ زیادہ تر ترقی یافتہ ممالک کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، جو موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے، ایسے دو بڑے عالمی کاربن اخراج کنندگان کے درمیان واقع ہے جن کی سرگرمیاں پاکستان کے ماحولیاتی خطرات میں اضافہ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کوئی سرحدی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک عالمی چیلنج ہے۔ آلودگی، ماحولیاتی بگاڑ اور شدید موسمی واقعات بین الاقوامی سرحدوں کو نہیں مانتے اور پوری دنیا کو متاثر کرتے ہیں۔

اس تناظر میں انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں۔ملاقاتوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ماحولیاتی تعاون کے ممکنہ شعبہ جات پر بھی غور کیا گیا، جن میں قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی لحاظ سے موزوں زراعت، موافقتی حکمتِ عملیاں، اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی معاہدوں اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اور امید ظاہر کی کے COP ایک منصفانہ، شمولیتی، اور سائنسی بنیادوں پر مبنی عالمی ماحولیاتی اقدامات کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔