وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں چینی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ،کمشنر راولپنڈی

بدھ 23 جولائی 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز شوگر ملز سے سپلائی چین کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملز چینی کو نوٹیفائیڈ ریٹ پر فروخت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چینی نوٹیفائیڈ ریٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کریک ڈاؤن تیز کریں، چینی مافیا کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی جائے کہ وہ فیلڈ میں رہتے ہوئے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ مہنگی چینی بیچنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔نیز نوٹیفائڈ ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کی گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں۔ نیز ڈی سی کاؤنٹرز پر تمام اشیاء ضروریہ کی موجودگی اور ان کی کوالٹی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والی کاروائیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں اس دوران مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران 139 خلاف ورزیاں رپورٹ ہو نے پر 7,61,000 روپے کا جرمانہ، 02 ایف آئی آرز، 39 افراد گرفتار اور 33 پوائنٹس سیل کیے گئے۔\378