ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس

بدھ 23 جولائی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف سی، پولیس سمیت دیگر ضلعی دفاتر کے سربراہان اور انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، ضلع نصیرآباد کے صحت سے متعلق مسائل، مدارس اور ان کے طلباء کی تعلیمی رجسٹریشن،مقامی پولیس پر عام لوگوں کے اعتماد کو مضبوط بنانے، پولیس اسٹیشن کی سطح پر پولیس کی استعداد کار میں اضافہ، مین بازار سٹی اور دیگر اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، حساس علاقوں میں نئی پولیس چیک پوسٹیں قائم کرنے، مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات، بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو ،انسداد تجاوزات مہم، کسی بھی دہشت گردانہ حملے کا جواب دینے کے ہنگامی منصوبے، متحد ردعمل اور مشترکہ مشق، دہشت گردی کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی، محفوظ بڑے شہروں کے قیام اور نگرانی کے لیے عمومی نوٹس،سمیت دیگر اہم امور زیر غور لائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران تمام ضلعی افسران نے ترقیاتی امور، عوام کو درپیش مسائل اور مفاد عامہ کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مفاد میں بھرپور اقدامات کر رہی ہے مگر ضروری ہے کہ ان اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ لوگوں کے مسائل میں بتدریج کمی واقع ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضلع نصیرآباد میں فلڈ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، ممکنہ سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران اپنے محکموں کی سرکاری مشینری کو عملے سمیت الرٹ رکھیں تاکہ مشکل حالات میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر انداز میں اقدامات کئے جائیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام پرسکون ماحول میں اپنی زندگی بسر کر سکیں جرائم پیشہ ور افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔