فرانسیسی توانائی کمپنی ’’ٹوٹل انرجیز ‘‘ کے خالص منافع میں 29 فیصد کمی

جمعرات 24 جولائی 2025 16:36

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) فرانسیسی توانائی کمپنی ’’ٹوٹل انرجیز ‘‘ کے خالص منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 29 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق ٹوٹل انرجیز نے جمعرات کو جاری اپنی رپورٹ میں کہا کہ دوسری سہ ماہی میں تیل اور گیس کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیداوار میں اضافہ ہواتاہم اس کا خالص منافع نمایاں طور پر کم ہو گیا۔

کمپنی کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران خالص منافع گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 29 فیصد کمی کے ساتھ 2.7 ارب ڈالر رہا تاہم اس کے باوجود کمپنی نے اپنی کارکردگی کو مستحکم قرار دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی آمدن 7.6 فیصد کمی کے ساتھ 49.6 ارب ڈالر رہی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو پیٹرک پوئینے نے بیان میں کہاکہ ٹوٹل انرجیز نے دوسری سہ ماہی میں مالی طور پر مضبوط نتائج دیئے اور اپنی متوازن کثیر توانائی حکمت عملی پر کامیابی سے عملدرآمد جاری رکھا جسے ہائیڈرو کاربن اور بجلی کی پیداوار میں مسلسل اضافے نے سہارا دیا۔

کمپنی نے 0.85 یورو فی حصص دوسرا عبوری ڈیویڈنڈ دینے کی تصدیق کی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.6 فیصد زیادہ ہے جبکہ 2 ارب ڈالر کے شیئر بائی بیک (حصص کی دوبارہ خریداری) کا بھی اعلان کیا گیا ہے جو اسی سہ ماہی میں مکمل کیا جائے گا۔