لیسکو کی 11 کے وی کامسیٹ فیڈر کو ڈریم گارڈن گرڈ اسٹیشن پر منتقل کرنے کی منظوری

جمعرات 24 جولائی 2025 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور تقسیم کے نظام میں بہتری کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے 11 کے وی کامسیٹ فیڈر کو 220/132KV واپڈا ٹان گرڈ اسٹیشن سے 132KV ڈریم گارڈن گرڈ اسٹیشن پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ترجمان لیسکو کیمطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ نے اس ورک آرڈر کی منظوری دیتے ہوئے اسے مالی سال 2025-26 کے منظور شدہ بجٹ کے تحت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ اقدام ایس اے پی۔ڈی او پی پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو بہتر، پائیدار اور مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔منظور شدہ کام کے تحت تقریبا 9.7 ملین روپے کی لاگت سے مختلف مقامات پر 11 کے وی لائن کی نئی تنصیبات، موجودہ لائنوں کا استعمال، اور نئے پولز و اسٹیل اسٹرکچرز کی تعمیر شامل ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے میں کل 6 مختلف مقامات پر تقریبا 1440 میٹر طویل لائن بچھائی جائے گی، جس میں 45 فٹ کے نئے اسپن پولز اور اسٹیل ڈھانچے بھی شامل ہیں۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجنیئر محمد رمضان بٹ نے کہا اس منصوبے سے نہ صرف بجلی کی ترسیل کا نظام مضبوط ہوگا بلکہ صارفین کو بھی بہتر وولٹیج اور کم فالٹ کا سامنا ہوگا۔ لیسکو صارفین کی سہولت اور بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے ایسے ترقیاتی منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔