انسداد منشیات ایکٹ 2024 کے مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت،عدالت نے آئی جی سندھ کو طلب کریا

جمعرات 24 جولائی 2025 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے انسداد منشیات ایکٹ 2024 کے مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت پر آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری ایکسائز کو طلب کر لیا۔ عدالت نے 28 جولائی کو پیش رفت رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ میں انسداد منشیات ایکٹ 2024 کے مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ جسٹس ذولفقار علی سانگی نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگوں نے عدالت میں غلط بیانی کی ہے۔ ہم آج ہی توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں۔ آپ نے کہا تھا کہ بل اسمبلی میں جمع ہو گیا ہے، اب کہہ رہے ہیں کہ ڈرافٹ وزیر اعلی نے منظور کیا ہے۔ قانون تو بنا لیا ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

(جاری ہے)

جب قانون بنا لیا ہے تو اس پر عملدرآمد بھی کریں۔ اگر قانون بنانے والے خود ہی عمل نہیں کریں گے تو دوسروں سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہی جس قانون کے تحت پولیس کو کوئی اختیار ہی حاصل نہیں، تو پولیس ان اختیارات کے تحت مقدمات کیسے درج کر رہی ہی عدالت کو مذاق سمجھ لیا گیا ہے۔ آئندہ سماعت پر آئی جی سندھ و دیگر افسران پیش ہوکر وضاحت دیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری ایکسائز کو طلب کر لیا۔ عدالت نے 28 جولائی کو پیش رفت رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔